مشکلات آپ کو ہیرو بنا دیتی ہیں، اگر آپ کو نہیں معلوم تو پڑھ لیں

 

عام لوگ اپنی زندگی میں آسانی چاہتے ہیں۔ لوگوں کو بغیر محنت کے سب کچھ چاہیے۔ لوگوں کی خواہشات بہت زیادہ ہوتی ہیں۔ لیکن ان خواہشات کو پورا کرنے کے لیے جتنی محنت درکار ہوتی ہے۔ لوگ اس محنت کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ایک دن اپنی خواہشات کے ساتھ ہی اس دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں۔

یہاں پر ایک سوال یہ ہے کہ کیا یہ ان کی قسمت میں لکھا تھا۔ بالکل نہیں۔ اگر وہ اپنی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے محنت کرتے جتنی محنت انہیں کرنی چاہیے تھی تو وہ یقینا سب کچھ حاصل کر سکتے تھے۔ لیکن انہوں نے اپنی خواہشات کو اپنے دماغ تک محدود رکھا۔ یاد رکھیں سوچ اور عمل میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ کچھ لوگ مشکلات سے خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔ وہ اکثر یہ کہتے ہوئے پائے جاتے ہیں کہ ان کی زندگی میں بہت زیادہ مشکلات ہیں۔ وہ اب کچھ نہیں کر سکتے۔ لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ آپ کی زندگی میں جتنی زیادہ مشکلات ہوں گی۔ آپ اتنی ہی بڑی کامیابی کے قریب ہوتے ہیں۔ کیوں کہ آپ کی کامیابی کا دارومدار ہی اس چیز پر ہے کہ آپ کی محنت کتنی ہے۔ محنت کے دوران ہر کسی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہر کسی کو مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے۔ مایوسی کی کیفیت سب پر طاری ہوتی ہے۔ لیکن جو لوگ اس کیفیت کو سر پر سوار کرنے کی بجائے محنت کے گھوڑے پر سوار ہوتے ہیں ان کا کامیاب ہونا لازمی ہے۔ اس لیے آپ کے لیے ضروی ہے کہ اپنے لیے آسان زندگی کی تمنا نہ کریں۔ اگر آپ کی مشکلات عام لوگوں سے زیادہ ہیں تو یہ یقین کر لیں کہ آپ کی کامیابی بھی عام لوگوں سے بڑی ہو گی۔ کیوں کہ ہر ناکامی آپ کو تجربہ دیتی ہے۔ اور یہ تجربہ آپ کو سکھاتا ہے کہ آپ نے اگلا قدم کیسے اٹھانا ہے۔ ہر قدم کے بعد آپ پہلے سے زیادہ پختہ کار ہو جاتے ہیں۔ آپ کا حوصلہ پہلے سے زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ اپنی سوچ کا زاویہ بدلیں اور کبھی بھی مایوس ہو کر محنت کا دامن مت چھوڑیں۔ اگر آپ نے اس فارمولے کو سمجھ لیا تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو کامیاب ہونے سے نہیں روک پائے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *